ٹھیکیدار کے مکان پر دھاوا، 42 برقی میٹرس ضبط

   

حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) گچی باؤلی علاقہ ٹیلی کام نگر میں پولیس نے ٹھیکیدار کے مکان پر چھاپہ مارتے ہوئے 42 برقی میٹرس جو غیر قانونی طور پر اس نے اپنے مکان میں چھپائے رکھے تھے، ضبط کرلیا۔ ٹھیکیدار کی شناخت چنا کیشوا ریڈی کے طور پر کی گئی۔ پولیس کے پہونچنے سے قبل وہ گھر سے فرار ہوگیا۔ رائے درگم پولیس اسٹیشن انسپکٹر وینکنا کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر محکمہ برقی ابراہیم باغ سب ڈیویژن کے اے ڈی امبیڈکر نے شکایت درج کرائی کہ برقی میٹر جو محکمہ کی تحویل سے غائب ہیں اور سابقہ ٹھیکیدار پر شبہ ظاہر کیا گیا جس پر پولیس نے چنا کیشوا ریڈی کے مکان پر چھاپا مارا جس کے نتیجہ میں 42 میٹر اس کے مکان سے ضبط کرلئے گئے جو غیر قانونی طور پر اس کے مکان میں رکھے ہوئے تھے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس چنا کیشوا ریڈی کی تلاش میں ہے۔ (ش)