کانگریس اور بی جے پی کے پرائے قائدین کا دوباک میں کرائے کے کارکنوں پر انحصار ، ہریش راؤ کا الزام
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کی امیدوار ایس سجاتا نے دوباک اسمبلی حلقہ ضمنی انتخاب کے لیے آج پرچہ نامزدگی داخل کی ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر کے ساتھ پہونچکر ریٹرینگ آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے سجاتا نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ حضور نگر کے جو نتائج تھے وہی نتائج دوباک میں دہرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں اپنی نشست نہ بچانے پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی دوباک پہونچکر عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کی کوشش کررہے ہیں جو سکہ حضور نگر میں نہیں چل سکا وہ کھوٹا سکہ دوباک میں کیسے چلے گا ۔ دوباک کے لیے کانگریس اور بی جے پی کے پرائے ہیں جن کا کرائے کے کارکنوں پر انحصار ہے ۔ انتخابات کے بعد یہ قائدین اور کارکن رفو چکر ہوجائیں گے ۔ ٹی آر ایس کے قائدین ہی عوام کو ہمیشہ دستیاب رہیں گے ۔ ہریش راؤ نے کانگریس اور بی جے پی پر ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ یہ دونوں جماعتوں کے قائدین حکومت کی ترقیاتی تعمیری اور فلاحی اسکیمات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور قدم قدم پر رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نظام آباد کے مقامی اداروں کونسل حلقہ کے انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی اپنی ڈپازٹ نہیں بچا سکی وہی حال ان دونوں جماعتوں کا دوباک میں بھی ہوگا ۔ ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹی آر ایس امیدوار ایس سجاتا نے کہا کہ وہ کامیابی کے بعد ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گی اور دوباک اسمبلی حلقہ کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے لیے دن رات کام کریں گی ۔۔