ٹی ایم سی 200 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ ممتا بنرجی کا دعوی

,

   

ایگزٹ پولس شئیر مارکٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش۔ کاونٹنگ ایجنٹس سے خطاب ۔ چوکس رہنے کا مشورہ

کولکتہ 2 مئی ( ایجنسیز) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 4 مئی کو ریاست میں ووٹوں کے گنتی کے موقع پر ان کی پارٹی زائد از 200 اسمبلی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے انتخابات میں بی جے پی کو سبقت دکھانے والے ایگزٹ پولس کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس طرح کی پیش قیاسیاں اسٹاک مارکٹ پر اثرانداز ہونے کیلئے کی جاتی ہیں۔ ووٹوں کی گنتی سے قبل کاؤنٹنگ ایجنٹوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ اگر زیادہ نہیں تو ٹی ایم سی 200 نشستوں پر ضرور کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کاونٹنگ ایجنٹوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی اور اس کی حلیفوں کے اس طرح کے پروپگنڈہ کو اہمیت نہ دیں۔ ووٹوں کی گنتی سے دو دن قبل ممتابنرجی اور ابھیشیک بنرجی نے ٹی ایم سی کے تمام کاونٹنگ ایجنٹوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ ممتابنرجی نے انہیں یاد دہانی کروائی کہ ماضی میں بھی ایگزٹ پولس کے ذریعہ پیش قیاسی کی گئی تھی ترنمول کانگریس کو شکست ہونے والی ہے ۔ اس طرح کے ایگز, پولس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ 2021 اور 2024 کے ایگزٹ پولس بھی نتائج کے مقابلہ میں غلط ثابت ہوئے تھے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ان کے خیال میں اس طرح کے ایگزٹ پولس در اصل شئیر مارکٹ پر اثر انداز ہونے کیلئے کئے جاتے ہیں۔ ممتا اور ابھیشیک بنرجی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ قیادت کو کاونٹنگ مراکز کی صورتحال سے مسلسل مطلع کرتے رہیں اور سارا عمل مکمل ہونے تک وہاں موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی حلقہ میں ترنمول کانگریس کے امیدوار کو200 یا 300 ووٹوں سے شکست ہوتی ہے تو ترنمول کے ایجنٹوں کو دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرنا چاہئے اور سارا عمل مکمل ہونے تک وہیں موجود رہنا چاہئے ۔ اباھیشیک بنرجی نے کہا کہ اگر کاونٹنگ بوتھ میں کچھ غیرمعمولی سرگرمیاں ہوتی ہیں تو ان سے فوری پارٹی قیادت کو مطلع کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 2021 میں نندی گرام کاونٹنگ مرکز میں اچانک ہی برقی منقطع ہوگئی تھی ایسے واقعات پرنظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔