سلی گڑی : مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے منگل کی شام اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ جھڑپ میں اپنے حامیوں پر مبینہ حملے کے خلاف احتجاج میں چہارشنبہ کو 24 گھنٹے کوچ بہار ضلع کو بند کی کال دی ہے ۔ بند کے دوران ابھی تک کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ دنہاٹا میں شمالی بنگال کی ترقی کے وزیر مملکت اُدین گوہا اور جونیئر مرکزی وزیر داخلہ نتیش پرمانک کی موجودگی میں حریف حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس میں کوچ بہار کے ایس ڈی پی او دلیپ مترا اور دو دیگر ٹی ایم سی حامی زخمی ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق ٹی ایم سی اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ایک انتخابی مہم کی ریلی کے بعد شروع ہوئی۔ریاستی پولیس کو تصادم کو روکنے اور لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔