179 انجینئرنگ کالجس، 89 ہزار کنوینر نشستیں، فائنل الاٹمنٹ 10 جولائی کو ہوگا
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل آف ہائر ایجوکیشن کے اعلیٰ عہدیداروں نے ریاست میں بی ای اور بی ٹیک انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے جاری ’’TG EAPCET 2026‘‘ کونسلنگ کے پہلے مرحلہ کا فرضی سیٹ الاٹمنٹ (Mock Allotment) کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ کونسل کی جانب سے پہلے سے طئے شدہ شیڈول کے مطابق ہفتہ کی شام کالج وار سطح پر فرضی الاٹمنٹ کی تفصیلی فہرست آفیشیل ویب سائیٹ پر جاری کردی گئی ہے۔ اس موک الاٹمنٹ راونڈ میں مجموعی طور پر 79,313 امیدواروں کو ان کے رینک اور آپشنس کی بنیاد پر فرضی نشستیں الاٹ کی گئی ہیں تاکہ طلبہ کو حتمی الاٹمنٹ سے قبل اپنے پسندیدہ کالجس اور کورسیس کے حصول کے امکانات کا اندازہ ہوسکے۔ کونسلنگ میں حصہ لینے والے تمام طلبہ آفیشل ویب سائیٹ tgeapcet.nic.in پر جاکر (Candidate login) کے ذریعہ اپنا فرضی الاٹمنٹ آرڈر ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے طلبہ کو اپنے لاگ ان پینل میں اپنالاگ ان آئی ڈی۔ ایپسٹ ہال ٹکٹ نمبر، پاس ورڈ، تاریخ پیدائش اور (Captcha Coda) درج کرنا ہوگا۔ ریاست بھر کے 179 انجینئرنگ کالجس میں کنوینر کوٹہ کے تحت طلبہ کیلئے 89,000 سے زیادہ نشستیں دستیاب ہیں۔ کونسلنگ کے پہلے مرحلہ کیلئے تقریباً 94,000 طلبہ نے اپنے سرٹیفکیٹ ویریفکیشن کیلئے سلاٹ بک کروائے تھیجن میں سے 88,000 امیدواروں نے آن لائن پورٹل پر اپنے ویب آپشنس (کالج ترجیحات) درج کئے۔ حکام نے واضح کیا ہیکہ یہ فرضی الاٹمنٹ حتمی نہیں ہے جو طلبہ اپنے موک الاٹمنٹ سے مطمئن نہیں ہیں انہیںکونسل کی جانب سے 5 سے 7 جولائی 2026ء تک اپنے ویب آپشنس میں ترمیم نئے کالج کا اندرا یا پرانے آپشنس کو حذف کرنے کا ایک آخری موقع دیا جارہا ہے۔ 7 جولائی کو آپشنس فریز کردیا جائے گا جس کے بعد پہلے مرحلہ کا فائنل (پروویژنل) سیٹ الاٹمنٹ 10 جولائی 2026ء کو یا اس سے پہلے جاری کیا جائے گا۔2