ٹیرف کے نسبتاً کم اثر کی وجہ سے شیئر بازار میں تیزی

   

ممبئی: امریکہ اور چین کے درمیان امپورٹ ٹیرف کے تعلق سے جاری جوابی کارروائی کی وجہ سے عالمی تجارتی جنگ کے اندیشوں کے باوجود، ہندوستان ٹیرف سے نسبتاً کم متاثر ہونے کی بدولت مقامی سطح پر ہوئی خریداری کے سبب شیئر بازار میں آج زبردست اچھال دیکھا گیا۔بی ایس ای کا30 شیئروں پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس 1200.40 پوائنٹس یعنی 1.56 فیصد کی چھلانگ لگا کر تیرہ تجارتی سیشنوں کے بعد 78 ہزار پوائنٹس کے نفسیاتی نشان کو عبور کر کے 78,244.69 پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 330.35 پوائنٹس یعنی1.41 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 23767.55 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ ابتدائی تجارت میں، سینسیکس 76 پوائنٹس اترکر 76,968.02 پر کھلا اور جلد ہی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے 76,665.77 کی نچلی سطح پر ٹوٹ گیا۔ وہیں تادم تحریر یہ 78,301.65 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔ اسی طرح، نفٹی بھی 35 پوائنٹس سے پھسل کر 23,401.85 پر کھلا اور 23,298.55 کی نچلی جبکہ 23,786.45 پوائنٹ کی بلند سطح پر رہا۔