نئی دہلی، 16 جون (یواین آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے نیٹ (این ای ای ٹی) امتحان کے ری-ایگزام کے لیے ٹیلیگرام کو عارضی طور پر بلاک کیے جانے کے معاملے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو سب سے پہلے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان سے استعفیٰ لینا چاہیے ، کیونکہ کروڑوں نوجوانوں کا مستقبل ان کی پالیسیوں کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے ۔کھرگے نے الزام لگایا کہ گزشتہ دس برسوں میں تقریباً 90 پرچہ لیک ہونے کے واقعات نے ملک کے قریب 9 کروڑ نوجوانوں کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کا استعمال کرنا، ٹیلیگرام کو بلاک کرنا یا چھوٹے ملزمان کے خلاف کارروائی کر کے اصل پرچہ لیک مافیا کو بچانے کی کوشش کرنا، حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کی ایک کوشش ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھرتی اور داخلہ امتحانات میں مسلسل ہونے والی بے ضابطگیوں کے باعث کئی نوجوان ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے ہیں اور بعض نے خودکشی جیسے انتہائی اقدامات بھی کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں خاندان اپنے بچوں کی تیاری کے لیے قرض تک لیتے ہیں۔