پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم کی ماضی میں جاری کردہ احکامات سے دستبرداری
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے آن ڈیوٹی ( او ڈی ) اور ڈیپوٹیشن کے نام پر ٹیچرس اور لیکچررس کو مطلوبہ مقامات پر تبادلے کرنے سے متعلق جاری کردہ احکامات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم نے او ڈی اور ڈیپوٹیشن کا جائزہ لینے کے لیے 5 عہدیداروں پر کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تازہ ترین رہنمایانہ خطوط تیار کی ہے ۔ بی وینکٹیشم نے بتایا کہ 24 جولائی کو جاری کردہ احکامات کو روکنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ ریاست بھر میں 20 ہزار ٹیچرس کو ترقی دی گئی ہے اور مزید 30 ہزار ٹیچرس کے تبادلے کئے گئے ہیں ۔ یعنی جملہ ٹیچرس میں نصف ٹیچرس کا تبادلہ ہوچکا ہے ۔ صحت کے شدید مسائل میں مبتلا ٹیچرس کو خصوصی پوائنٹس دیتے ہوئے انہیں مطلوبہ مقامات کو بھیج دیا گیا ہے تاہم اساتذہ کی بڑی تعداد نے وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل اور اعلیٰ عہدیداروں کی سفارشات حاصل کی تھی۔ عوامی منتخب نمائندوں کی اپیل پر ماضی میں احکامات جاری کئے گئے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت نے اس کا سخت نوٹ لیا ہے ۔ ایسے بہانوں سے تبادلے کرنے پر اسکولس اور کالجس میں پڑھانے والے کون ہوں گے ۔ اضلاع اور دیہی علاقوں میں ٹیچرس کی عدم موجودگی پر حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ جس پر پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم نے 31 اگست کو سابق احکامات روکنے کے احکامات جاری کیے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 10 دن بعد یہ احکامات منظر عام پر آئے ہیں ۔ ان احکامات میں زور دیا گیا ہے کہ متعلقہ محکمہ اس وقت تک تجاویز روانہ نہ کریں ۔ جب تک انہیں خصوصی ہدایت جاری نہ کی جائے ۔۔ 2