پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں تو یہ کس کو جاری کیا جاتا ہے؟ گورو گوگوئی

   

نئی دہلی۔ 25 جون (ایجنسیز) کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے ہندوستانی پاسپورٹ کو شہریت کا ثبوت نہ مانے جانے پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کرکے کہا ہے کہ اگر پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں تو یہ آخر کس بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے۔گوگوئی نے کہا کہ حکومت سے جاری کیا جانے والا پاسپورٹ محض ایک سفری دستاویز نہیں بلکہ سرکاری دستاویز ہے، جسے دنیا بھر کی حکومتیں تسلیم کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اگر وزارت خارجہ یہ کہتی ہے کہ پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں، تو اس سے شہریوں میں کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت غیر ملکی شہریوں کو بھی پاسپورٹ جاری کرتی ہے؟ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر پاسپورٹ کو شہریت کا ثبوت نہ ماننے کی کیا وجہ ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ عموما پاسپورٹ صرف ہندوستانی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے۔ گوگوئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے کہ آخر شہریت ثابت کرنے کون سی دستاویز قابل قبول ہے۔ اس معاملے پر عوام میں تشویش اور الجھن پیدا ہو رہی ہے۔گوگوئی نے این آر سی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام اس عمل کا تجربہ کر چکے ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ حکومت کسی نئے طریقہ کار سے اسی نوعیت کا نظام نافذ کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف دستاویزات کی قانونی اہمیت کم کر رہی ہے۔ پہلے ووٹر آئی ڈی، پھر آدھار کارڈ، پین کارڈ اور اب پاسپورٹ کو شہریت کے ثبوت تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے ۔گوگوئی نے کہا کہ حکومت کو مؤقف واضح کرنا چاہیے تاکہ شہریوں کو معلوم ہو سکے کہ آخر شہریت ثابت کرنے کون سی دستاویزات قابل قبول ہیں۔