پاکستان اور قطر ایران اور امریکہ کو بدستور تجاویز دے رہے ہیں

   

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (ایجنسیز) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے جمعرات کی رات بتایا ہے کہ پاکستان اور قطر بدستور ایران اور امریکہ کے درمیان تجاویز کا تبادلہ کروا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ تہران تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے تاہم آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کیلئے اپنی شرائط پر قائم ہے۔ایرانی سرکاری ٹیلی ویڑن کو ایک انٹرویو میں عراقچی نے کہا، یہ عمل جاری ہے۔ قطر اور پاکستان کے ثالثین بدستور متحرک ہیں، وہ مختلف خیالات اور تجاویز پیش کر رہے ہیں۔ یہ ایک معمول کا عمل ہے۔کیا ان رابطوں کے کوئی نتائج برآمد ہوئے ہیں، اس سوال پر عراقچی نے کہا، تجاویز زیرِ جائزہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نکل سکتا ہے۔ہمارے کچھ مطالبات ہیں جن کا پورا ہونا ضروری ہے تاکہ آبنائے ہرمز کھل جائے اور مذاکرات کے ذریعے کوئی معاہدہ طے کرنے کی راہ ہموار ہو۔پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق جمعرات کو ایک الگ ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے ذریعے علاقائی سلامتی و تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ عراقچی نے تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت کا اعادہ کیا جو تین اور چار دسمبر کو طے شدہ ہیں۔پاکستان جمعہ اور ہفتہ کو سعودی اور ترک وزراء خارجہ کی میزبانی بھی کر رہا ہے جن سے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کے نفاذ پر گفتگو ہوگی۔پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اس ہفتہ اے ایف پی کو بتایا کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان تنازعہ بھی گفتگو میں شامل ہو گا۔