پاکستان کی سیاسی ہلچل کا ملک کے اندرونی عوام سے تعلق :برطانوی وزیر

   

لندن : برطانیہ کے وزیر برائے مسلح افواج جیمز ہیپی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی ہلچل کسی ناخوشگوار غیر ملکی سازش کے بجائے ملک کے اندرونی عوامل کی وجہ سے ہے اور وہ اس بات پر راحت محسوس کرتے ہیں کہ اب بین الاقوامی نظم پر نظریات کی ہم آہنگی ہے۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر نے اپنے دورہ اسلام آباد کے دوران ایک ورچوئل سیشن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت سیاسی طور پر جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکمل طور پر پاکستان کی ملکی سیاست کا نتیجہ ہے اور کسی بیرونی مداخلت کا شائبہ محض مفروضہ ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا موقف ہے کہ روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ان کے دورہ ماسکو کی وجہ سے امریکا نے مقامی عناصر کے ساتھ مل کر ان کی حکومت کو گرانے کی سازش کی، امریکہ کی جانب سے پہلے ہی اس الزام کی تردید کی جاچکی ہے۔جیمز ہیپی نے کہا کہ برطانیہ، عمران خان کے دورہ روس سے مایوس تھا اور اس حوالے سے اس وقت کی حکومت کو آگاہ کیا تھا۔دورے پر پاکستان میں موجود برطانوی وزیر نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت اپنی دیگر ملاقاتوں کے بعد کہا کہ ان کی رائے ہے کہ حکومت پاکستان خود مختاری، علاقائی سالمیت اور روس کے جارح ہونے کے بارے میں برطانوی حکومت کے خیالات سے متفق ہے۔