پرانا شہر میں میٹرو ریل کے کاموں میں تیزی

   

عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک کا رخ تبدیل کرنے کا جائزہ
حیدرآباد۔25۔مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز اور دارالشفاء تا فلک نما راہداری پر جاری انہدامی کاروائی میں تیزی پیدا کرنے کے ساتھ ٹریفک کا رخ تبدیل کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ ٹریفک پولیس اور حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ راہداری پر شروع کئے جانے والے جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائیوں کے دوران اس گذرگاہ پر گذرنے والی ٹریفک کے رخ کو موڑنے کے امور کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے لئے مسدود کئے گئے راستہ کو ٹریفک کے لئے کھولے جانے کے عمل کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ ذرائع کے مطابق پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے لئے متبادل راستوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور ان اقدامات کے تحت شاہ علی بنڈہ ‘ مغلپورہ کمان‘ چارمینار بس اسٹینڈ‘ مکہ مسجد اور چارمینار سے گلزار حوض جانے والی سڑک پر ٹریفک کو بحال کرنے کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن املی بن تا چندرائن گٹہ کے درمیان میٹرو ریل راہداری کے لئے جاری کاموں کے دوران اس راہداری پر ٹریفک کو روکنے کے فیصلہ کے ساتھ متبادل راستہ کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس راہداری پر کاموں میں تیزی لانے کے لئے ضروری ہے کہ ٹریفک کی آمد و رفت کو مسدود کیا جائے یا پھر دارالشفاء‘ منڈی میر عالم‘ اعتبار چوک ‘ مغلپورہ کے راستہ کو ایک رخی راستہ قرار دیتے ہوئے مغلپورہ سے دارالشفاء کی سمت آنے والی ٹریفک کو روک دیا جائے ۔ عہدیداروں کے مطابق راستہ کو مکمل مسدود کرنے یا ایک رخی راستہ قرار دیئے جانے کے سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیاگیا ہے لیکن جلد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کرتے ہوئے چارمینار کا راستہ کھولے جانے کے متعلق اقدامات کئے جائیں گے اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر موجود ناجائز قبضہ جات کو مکمل طور پر برخواست کرواتے ہوئے ٹریفک کی آمد و رفت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیدار جو اس پراجکٹ پر خدمات انجام دے رہے ہیںان کے مطابق رمضان المبارک کے اختتام کے ساتھ ہی میٹرو راہداری پر بڑے پیمانے پر تیزی کے ساتھ انہدامی کاروائیوں کا آغاز کیاجائے گا اور جائیدادوں کے حصول کے عمل کو تیز کرتے ہوئے سلطان شاہی کے آگے راہداری پر بھی کاموں کو شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں گیاور اس دوران ٹریفک کے سبب انہدامی کاروائی میں کوئی خلل نہ ہو اس کے لئے متعلقہ اداروں سے متبادل راستوں کی درخواست کی گئی ہے۔3