مہیش کمار گوڑ ورکنگ پریسیڈنٹ، ایم موہن ریڈی صدر اور طاہر بن حمدان نائب صدر
نظام آباد۔ 11؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل جدید میں ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے قائدین کو مناسب مقام فراہم کرتے ہوئے کل ہند کانگریس کمیٹی کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے مہیش کمار گوڑ کو قبل از نامزد کیا گیا تھا انہیں دوبارہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ صدر اور اسی طرح سابق ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی کو پردیش کانگریس کے خازن کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا اور اسی طرح اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریسی قائد و نظام آباد اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان کو پردیش کانگریس کا نائب صدر اور اسی طرح گڑگو گنگادھر کو دوبارہ پردیش کانگریس کا جنرل سکریٹری کی حیثیت سے نامزد کیا گیاناگیش ریڈی کو پہلی مرتبہ جنرل سکریٹری کی حیثیت سے نامزد کیا گیا اور ضلع کانگریس صدر مانالا موہن ریڈی کو پھر ایک مرتبہ دوسری معیاد کیلئے ضلع کانگریس صدر کی حیثیت سے برقرار رکھا گیا ان کے علاوہ بالکنڈہ کے سابق رکن اسمبلی انیل کمار کو پردیش کانگریس کا رکن کی حیثیت سے نامزد کیا گیا مہیش کمار گوڑ این ایس یو آئی سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہے اور ریاستی این ایس یو آئی کے صدر اور یوتھ کانگریس کے ریاستی سکریٹری کی حیثیت سے گذشتہ کئی سالوں سے خدمت انجام دینے کے قبل از دو سال قبل انہیں ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے نامزد کیا تھا اور اس مرتبہ انہیں پھر موقع فراہم کیا گیا۔ طاہر بن حمدان سینئر قائدین میں شمار کئے جاتے ہیں اور انہیں بھی پھر ایک مرتبہ موقع فراہم کیا گیا۔ طاہر بن حمدان نظام آباد ضلع کے نائب صدر کی حیثیت سے اور ضلع پریشد چیرمین اور نائب صدرنشین ضلع پریشد کی حیثیت سے خدمت انجام دینے کا بھی تجربہ رکھتے ہیں اور یہ ہمیشہ کانگریس پارٹی کے پروگراموں کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے جس کی وجہ سے انہیں اب تک 3 مرتبہ ایم ایل اے کا ٹکٹ بھی دیا گیا تھا۔ 2018ء کے انتخابات میں نظام آباد اربن سے مقابلہ کیا تھا اور یہ ٹی آرایس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی پارٹی پروگراموں کو انجام دیتے ہوئے ہمیشہ مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اور موہن ریڈی کو دوبارہ نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ضلع سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین کو موقع فراہم کیا گیا۔