پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کیلئے ملک ارجن کھرگے کی سرگرم مشاورت

   


ریونت ریڈی کی نئی دہلی طلبی، نائب صدور میں دو مسلم قائدین کی شمولیت
حیدرآباد ۔8 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں مشاورت کیلئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو مدعو کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ملک ارجن کھرگے 10 ڈسمبر کو گلبرگہ کا دورہ کریں گے ۔ پارٹی کی صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلی مرتبہ اپنے آبائی مقام گلبرگہ پہنچ رہے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کرلی گئی ہیں اور ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد نائب صدور ، جنرل سکریٹریز اور ضلع کانگریس صدور کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے متحرک قائدین کو ضلع کانگریس صدور مقرر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے نئے صدور کے لئے جو نام تجویز کئے تھے، ان میں سے زیادہ تر نام دیگر قائدین کی جانب سے متفقہ طور پر پیش کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نائب صدور میں دو مسلم قائدین کو شامل کیا جائے گا جن میں طاہر بن حمدان اور عبیداللہ کوتوال شامل ہیں۔ یہ دونوں علی الترتیب نظام آباد اور محبوب نگر ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدر رہ چکے ہیں۔ نائب صدور اور جنرل سکریٹریز میں پارٹی کے تمام گروپس کو نمائندگی دی جائے گی۔ ملک ارجن کھرگے نے تلنگانہ کے کئی قائدین سے پارٹی کی صورتحال پر مشاورت کی اور انچارج سکریٹری مانکیم ٹیگور سے رپورٹ طلب کی ہے۔ اسی دوران پارٹی حلقوں میں مانکیم ٹیگور کی تبدیلی کی اطلاعات گشت کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر قائدین کی ناراضگی کے سبب مانکیم ٹیگور کو ذمہ داری سے سبکدوش کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے لئے نئے جنرل سکریٹری انچارج کا تقرر کیا جائے گا اور پرینکا گاندھی تلنگانہ امور کی نگرانی کریں گی۔ر