پرچہ افشاء کیس کی تحقیقات ایس آئی ٹی کے حوالے

   

تمام ملزمین کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا

حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے آج تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پرچہ افشاء کیس کی تحقیقات سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس ) کی اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم (ایس آئی ٹی ) کے حوالے کردی۔ اس سلسلہ میں پولیس کمشنر نے تحریری احکامات جاری کئے ہیں۔ بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی، جعلسازی، مجرمانہ سازش اور دیگر دفعات کے تحت درج کئے گئے مقدمہ کی تحقیقات کو ایس آئی ٹی کے حوالے کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کرائمس اینڈ ایس آئی ٹی اے آر سرینواس کی نگرانی میں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس کمشنر کے احکامات کے مطابق انسپکٹر بیگم بازار پولیس اسٹیشن اس سلسلہ میں ایڈیشنل کمشنر کرائمس کی مدد کریں گے۔ 13 مارچ کو ٹاسک فورس پولیس نے پرچہ افشاء کیس میں ملوث 9 افراد بشمول پبلک سرویس کمیشن کے سیکشن آفیسر اور ایک پولیس کانسٹبل کو گرفتارکرتے ہوئے اس ریاکٹ کا پردہ فاش کیا تھا۔ واضح رہے کہ پبلک سرویس کمیشن کے ٹاؤن پلاننگ کے اسسٹنٹ انجینئرس کا امتحان‘ پرچہ افشاء ہونے کے الزامات کے پیش نظر منسوخ کیا جاسکتا ہے۔دریں اثناء گرفتار کئے گئے 9 ملزمین کو نامپلی میٹرو پولیٹن عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے اور انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ب