نئی دہلی : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اپنے پارلیمانی حلقہ وایناڈ کے تین روزہ دورہ پر ہیں، جہاں وہ بوتھ سطح کے لیڈروں سے ملاقات کریں گی۔ کانگریس نے یہاں کہا کہ واڈرا نے ہفتہ کو مننتھاوادی، ایداتھرا، چندرا گڑھی اور پالی کنو میں بوتھ سطح کے لیڈروں سے بات چیت کی۔ ان کا اسی طرح کا پروگرام 9 فروری کو ایرناڈ اور تھروامباڈی میں ہے ۔ وہ 10 فروری کو بھی اسی طرح کے پروگراموں میں شرکت کریں گی۔ جب کانگریس جنرل سکریٹری آج صبح کیرالا کے کنور ہوائی اڈہ پر پہنچیں تو صحافیوں نے ان سے دہلی اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات کے بارے میں پوچھا، جس پر انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ رجحانات کیا ہیں۔ انہوں نے ابھی تک رجحانات نہیں دیکھے ہیں۔