پرینکا گاندھی کو سماجوادی پارٹی سے نشستوں کی تقسیم پر مذاکرات کی ذمہ داری

   

دیگر قائدین کو بیان بازی نہ کرنے کا مشورہ ۔ اُترپردیش کانگریس قائدین کے ساتھ ملکارجن کھرگے کا اجلاس ۔ تفصیلی غور و خوض

نئی دہلی ۔ 16 نومبر ( ایجنسیز ) اترپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس نے بھی اپنی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں سینئر کانگریس قائدین کا ایک اجلاس آج دہلی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا اترپردیش میں اکھیلیش یادو کی سماجوادی پارٹی کے ساتھ بات چیت کریں گی ۔ آج منعقدہ اجلاس میں پارٹی صدر ملکارجن کھرگے ‘ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی ‘ پرینکا گاندھی واڈرا کے علاوہ اترپردیش میں کانگریس امور کے نگران راجندر پال گوتم اور یو پی کانگریس کے ورکنگ صدر و رکن پارلیمنٹ عمران مسعود اور دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مسٹر راجندر پال گوتم اور عمران مسعود کو ہدایت دی کہ وہ اتحادی شراکت داروں کے تعلق سے میڈیا میں غیر ضروری بیان بازی نہ کریں۔ مسٹر کھرگے نے اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے آج اترپردیش کانگریس کے سینئر قائدین کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورتحال پر گہرائی سے جائزہ لیا ہے اور مجوزہ اسمبلی انتخابات کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات ملک کی سیاست کو ایک نئی سمت اور جہت عطا کریں گے ۔ ریاست کے عوام وہاں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور وہ سماجی انصاف ‘ مساوی مواقع اور پچھڑے ہوئے طبقات کے حقوق کو بحال ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اترپردیش میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ مسٹر کے سی وینو گوپال نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے قائدین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اترپردیش میں بی جے پی کو شکست ہو ۔ سماجوادی پارٹی نے یو پی میں لوک سبھا کی 37 نشستوں پر جیت حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کو 33 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ کے سی وینوگوپال نے سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے انڈیا اتحاد کے قائدین کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یو پی میں بی جے پی کو شکست ہو ۔ جیسا کہ ہم نے لوک سبھا انتخابات میں یو پی میں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش کے عوام جانتے ہیں کہ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت نے ریاست کے سماجی مور معاشی سسٹم کو تباہ کردیا ہے اور اسے جتنا جلدی ممکن ہوسکے اقتدار سے بیدخل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی ضرور بی جے پی کا صفایا کرے گا اور ملک کے سیاسی مستقبل کیئے اہم رول ادا کرے گا ۔ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کیلئے مہم کا ڈسمبر کے پہلے ہفتے میں آغاز کیا جائے گا ۔ ملکارجن کھرگے ریلیوں سے خطاب کریں گے اور یاترا بھی کریں گے ۔ آج کا اجلاس تنظیمی تھا ۔ عمران مسعود نے اجلاس کے بعد بتایا کہ بات یہ نہیں ہے کہ انڈیا اتحاد میں کتنی نشستوں پر کون مقابلہ کرے گا ۔ اصل بات یہ ہے کہ ہم مل کر کامیابی حاصل کریں گے ۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے آج دن میں کہا تھا کہ انڈیا اتحاد کی جماعتوں میں ابھی نشستوں کی تقسیم پر کوئی مذاکرات شروع نہیں ہوئے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ انڈیا اتحاد کی جماعتیں مل کر انتخاب لڑیں گی ۔