وی ہنمنت راؤ کا دعویٰ ، پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔8 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو پرینکا گاندھی کی مہم کا نتیجہ قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ گجرات اور ہماچل پردیش کے نتائج سے کانگریس پارٹی کو کارکردگی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 68 رکنی ہماچل پردیش اسمبلی میں کانگریس نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے ۔ پرینکا گاندھی نے دو مرتبہ ہماچل پردیش کی انتخابی مہم میں حصہ لیا جس کے نتیجہ میں پارٹی برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں کانگریس پارٹی کی بعض غلطیوں کے نتیجہ میں کمزور مظاہرہ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں عام آدمی پارٹی اور مجلس کے مقابلہ کے نتیجہ میں کانگریس کو نقصان پہنچا۔ ان دونوں پارٹیوں نے سیکولر ووٹ تقسیم کرنے کا کام کیا ہے جس سے راست طور پر بی جے پی کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے امکانات روشن ہیں۔ نریندر مودی حکومت سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں بی جے پی انتخابی دھاندلیوں کے ذریعہ برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پسماندہ طبقات کو کانگریس سے قریب کرنے پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات روایتی طورپر کانگریس کا ووٹ بینک ہے اور انہیں نظر انداز کرنے سے یہ طبقات دوسری پارٹیوں سے رجوع ہوجائیں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں بی جے پی اور ٹی آر ایس ایک سازش کے تحت کانگریس کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ر