پل کی تعمیر نہ ہونے پر نوجوانوں نے سر منڈوالئے

   

پٹنہ : ریاست بہارکے سمستی پور ضلع سے ایک انوکھی خبر سامنے آئی ہے جہاں ترقی نہ ہونے کے خلاف نوجوانوں نے اس طرح احتجاج کیا کہ پوری ریاست میں اس کا چرچا ہو رہا ہے۔ کئی نوجوانوں نے اس بات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے سر منڈوائے کہ اس علاقے میں کئی سالوں سے ایک پل بھی نہیں بنایا گیا ہے۔ اب انتظامیہ نے کہا ہے کہ پورے معاملے کی جانچ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سمستی پور ضلع کے خانپور بلاک کے تحت شوبھن پنچایت اور سمستی پور بلاک کی چھتونا پنچایت کے درمیان سورت پورگھاٹ علاقے کے لوگ برسوں سے پل کی تعمیرکا مطالبہ کررہے ہیں۔ عوام نے کہا ہیکہ آج تک کسی عوامی نمائندے نے اس کا نوٹس نہیں لیا اور تعمیراتی کام بھی شروع نہیں ہوا۔ ان نوجوانوں نے بتایا کہ روسرا لوک سبھا حلقہ کے اس وقت کے ایم پی رام چندر پاسوان نے بھی اس جگہ پر پل کی تعمیر کے لیے کام کروانے کا یقین دلایا تھا۔ اس کے بعد ان کے بھائی بھی روسرا اور سمستی پور دونوں سے لوک سبھا کے رکن بنے۔ انہوں نے اس جگہ پر پل بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ سرمنڈوانے والے نوجوانوں کا کہا ہے کہ پرنس راج جو بعد میں سمستی پورکے ایم پی رہے، نے ایک بار اس جگہ پر پل کی تعمیر کے حوالے سے چیف منسٹرکو خط لکھا تھا لیکن نتیجہ صفر رہا۔ اس جگہ پر ابھی تک کسی پل کی تعمیر کا کام شروع نہیں ہوا ہے۔ اب پل نہ بننے سے علاقے کے لوگ سخت مایوس ہیں۔