امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جموں کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لیکر فکرمندی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد ہندستان اور پاکستان کے درمیان خطرناک حالات بن گئے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے کہا کہ “یہ دونوں ملکوں کے درمیان بہت خطرناک حالات ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے حالات ختم ہوں۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ سخت ایکشن لیا جائے’۔
بتادیں کہ 14 فروری کو سی آر پی ایف کے قافلےکی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں 40 جوان شہید ہوگئے جبکہ متعدد جوان زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد ملک بھر میں غصے کا ماحول ہے۔
ہندوستان نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف مورچہ کھول دیا ہے۔ ہندستان ایک کے بعد ایک ایسے قدم اٹھا رہا ہے جس سے پاکستان مسلسل پریشان ہو رہا ہے۔ ہندستان نے پاکستان سے موسٹ فیورڈ نیشن کا اسٹیٹس واپس لے لیا ہے۔ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ جتنا رشتہ رکھیں گے اتنا کسی اور ملک کے ساتھ نہیں رکھیں گے۔ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او ) کےممبر کے طور پر ہر ملک کو ایک۔دوسرے کو موسٹ فیورڈ نیشن کا درجہ دینا ہوتا ہے۔ ہندوستان نے 1996 میں پاکستان کو موسٹ فیورڈ نیشن کا درجہ دیا تھا۔