پنجہ گٹہ اور امیر پیٹ میں بلدیہ کی جانب سے ماڈرن مارکٹس کی تعمیر

   

چار منزلہ عمارتیں ،عوام اور سڑک پر کاروبار کرنے والے تاجرین کو راحت
حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے حیدرآباد میں عصری سہولتوں کے ساتھ دو مارکٹس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ امیر پیٹ میں 13.2 کروڑ اور پنجہ گٹہ میں 6.7 کروڑ کے مصارف سے عصری مارکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ اسٹانڈنگ کمیٹی کی جانب سے تعمیری کاموں کو منظوری دی گئی ہے۔ ہر ایک مارکٹ 4 منزلہ اور سیلر کے ساتھ رہے گی۔ 2 وہیلرس اور 4 وہیلرس گاڑیوں کے لئے پارکنگ کا خصوصی فلور رہے گا۔ امیر پیٹ میں تعمیر کی جانے والی مارکٹ 1174 مربع گز جبکہ پنجہ گٹہ مارکٹ 801 مربع گز پر محیط رہے گی۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے مطابق امیر پیٹ کی عصری مارکٹ میں 82 دکانات رہیں گی ۔ فرسٹ فلور پر 19 دکانیں اور 2 دفاتر رہیں گے جبکہ سکنڈ ، تھرڈ اور فورتھ فلورس پر فی کس 21 دکانات رہیں گی۔ پنجہ گٹہ ماڈرن مارکٹ میں 45 دکانات اور دفاتر کیلئے دو رومس تعمیر کئے جائیں گے۔ پہلی منزل پر 8 دکانات اور 2 دفاتر رہیں گے۔ دوسری ، تیسری اور چوتھی منزل پر فی کس 13 دکانات رہیں گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عصری مارکٹس کے قیام سے سڑکوں پر کاروبار کرنے والے تاجروں کو فائدہ ہوگا۔ بلدی حکام نے سڑکوں پر کاروبار کرنے کے رجحان کو کم کرنے اور عوام کو دشواریوں سے بچانے کیلئے عصری مارکٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ر