پنشن کے نئے درخواست گذاروں کو عنقریب خوشخبری

   

دسہرہ تہوار سے قبل اجرائی کیلئے ریاستی وزیر سیتکا کی ہدایت
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے پنشن کا انتظار کرنے والے مستحق درخواست گذاروں کو حکومت کی جانب سے عنقریب خوشخبری سنائی جائے گی۔ آئندہ دسہرہ تہوار سے قبل پنشن کی تقسیم کے لئے وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے ہدایات جاری کی ہیں۔ اُنھوں نے پنشن کی اجرائی کا عمل شروع کرنے اور دسہرہ سے قبل ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ سیتکا نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں نئے پنشن کی درخواستوں کے لئے اہل پائے گئے امیدواروں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے کہاکہ اکٹوبر میں پنشن کی اجرائی کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تہوار سے قبل پنشن مستحق امیدواروں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کردیا جائے۔ ایس ای آر ٹی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر دیویا دیواراجن کو اِس سلسلہ میں اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ اگر اسٹاف کی کمی کا سامنا ہے تو فوری طور پر ضروری اسٹاف کا انتظام کیا جائے۔ حکومت نے نئے پنشن کی اجرائی کے سلسلہ میں تنہا زندگی بسر کرنے والی خواتین، بیواؤں اور معذورین کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیتکا نے کہاکہ حکومت کسی بھی غریب مستحق کو پنشن سے محروم نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت کے ساتھ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔V/1