پنشنرس کو بینیفٹ کی ا جرائی میں تاخیر پر تلنگانہ ہائی کورٹ کی برہمی

   

اندرون دو ہفتے تفصیلات پیش کرنے حکومت کو ہدایت

حیدرآباد ۔11 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے بقایہ جات کی اجرائی میں تاخیر پر ناراضگی جتائی ۔ عدالت نے تلنگانہ حکومت کو اندرون دو ہفتے پنشنرس بینیفٹ کی اجرائی میں تاخیر کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس این راجیشور راؤ نے بقایہ جات کی عدم اجرائی پر دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا کہ 9 اپریل تک بقایہ جات کی ادائیگی کے وعدہ کی پابندی کیوں نہیں کی گئی ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ پنشنرس بینیفٹ کی اجرائی میں ادائیگی اور عدم ادائیگی سے متعلق پنشنرس کی تعداد سے عدالت کو واقف کرائیں۔ ہائی کورٹ نے فینانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ملازمین کو جاری کئے گئے ٹوکن نمبرس کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ جسٹس راجیشور راؤ نے جاننا چاہا کہ محکمہ فینانس کی جانب سے ہائی کورٹ کو جو تیقن دیا گیا تھا، اس پر پرنسپل سکریٹری فینانس نے عمل آوری کیوں نہیں کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ پنشنرس بینیفٹ کی عدم اجرائی کے سبب کئی پنشنرس دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔ عدالت میں پنشن بینیفٹ سے متعلق 750 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔1/k