ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے ، ایس پی کاماریڈی ایم راجیش چندرا کی ہدایت
کاماریڈی ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کاماریڈی ایم راجیش چندرا نے کہا کہ پولیس اسٹیشنوں میں شفاف خدمات کی فراہمی اور سٹیزن فرینڈلی پولیسنگ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ضلع پولیس دفتر کاماریڈی کے کانفرنس ہال میں آج سیکشن انچارجس کے لیے منعقدہ ایک روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کی ۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد پولیس اسٹیشنوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم کرنا بتایا گیا۔ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے اس موقع پر ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے آئے سیکشن انچارجس سے بالمشافہ بات چیت کرتے ہوئے اسٹیشنوں میں پٹیشن مینجمنٹ کے نظام اور عوامی شکایات کی بروقت یکسوئی کے بارے میں تفصیلات حاصل کی انہوں نے ہدایت دی کہ ہر پولیس اسٹیشن میں عملہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے بغیر کسی جانبداری کے ذمہ داریوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے اور فرائض کی انجام دہی میں دیانت داری، چستی، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے اس کے مسائل کو توجہ سے سنا جائے اور فوری حل کے لیے ذمہ دارانہ انداز میں اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر تحقیقات کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جائے تو پولیس محکمہ پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔ ایس پی نے سینئر عملہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے نئے تعینات ہونے والے کانسٹبلس کی رہنمائی کریں تاکہ انہیں بہترین پولیس اہلکاروں کے طور پر تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہر پولیس اہلکار روزانہ ڈیوٹی پر حاضر ہونے سے پہلے اپنے کاموں کی باقاعدہ منصوبہ بندی کرے تو نہ صرف کام کا دباؤ کم ہوگا بلکہ ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں انجام دینا بھی آسان ہو جائے گا۔
سڑک حادثہ میں سابق زیڈ پی ٹی سی ہلاک
یلاریڈی ۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل رام ریڈی کے پوسانی پیٹ سے تعلق رکھنے والے سابق زیڈ پی ٹی سی 55 سالہ ناریڈی موہن ریڈی جو 2019۔ میں زیڈ پی ٹی سی کیلئے کامیاب ہوتے ہوئے ضلع پریشد میں کانگریس فلور لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ وہ حیدرآباد سے کاماریڈی کو آرہے تھے کہ ماسائی پیٹ پر نیشنل ہائی وے پر انکی کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرانے پر سامنے بیٹھے ناریڈی موہن ریڈی موقع پر ہلاک ہوگئے۔ اور گوتم ریڈی، تروپتی ریڈی دونوں شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد منڈل میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ریاستی صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے تعزیت پیش کی اسطرح کانگریس پارٹی کو غیر معمولی نقصان کا سامنا رہا۔