حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ ایسے پرگتی بھون کی کوئی ضرورت نہیں ہے جہاں عوام کو داخلے کی اجازت نہیں۔ پدیاترا کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی رقومات سے پرگتی بھون تعمیر کیا گیا لیکن وہاں عوام کا داخلہ ممنوع ہے۔ پرگتی بھون دراصل عوامی مسائل کی سماعت کیلئے پرجا دربار کے انعقاد کیلئے ہے۔ سابق میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور چندرا بابو نائیڈو عوام سے ملاقات کرتے رہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ عوام کے داخلے کی ممانعت والے پرگتی بھون کے خلاف آواز بلند کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے نکسلائیٹ ایجنڈہ کو اپنا ایجنڈہ قراردیا تھا لیکن آج تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں انکاؤنٹرس کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نئی ریاست میں پولیس انکاؤنٹرس کا کیا جواب دیں گے جبکہ انہوں نے تلنگانہ میں انکاؤنٹرس بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے غداروں کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ کے سی آر کی ڈکٹیٹر شپ سے تلنگانہ کو نجات دلانے کیلئے پدیاترا شروع کی گئی ہے۔ پرگتی بھون اور سکریٹریٹ تعمیر کیا گیا لیکن حکومت کو یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ر