کانکیر: چھتیس گڑھ کے کانکیر ضلع کے چھوٹے بیٹھیا تھانہ علاقے سے 12 کلومیٹر دور گاؤں بناگنڈہ کے جنگل میں منگل کو پولیس اور نکسلیوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس تصادم کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران ٹیم نے 8 لاکھ روپے انعامی ایک خاتون ریتا ماڑیم کی لاش، ایک 303 اور ایک 315 بور رائفل، بڑی مقدار میں ہتھیار اور دیگر نکسلی مواد ضبط کیا۔ اس مشترکہ آپریشن میں کانکیر ڈی آر جی، بستر فائٹرز، بی ایس ایف 30 اور 94 ویں کور کے جواب شامل تھے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم میں تمام فوجی محفوظ ہیں۔ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ابتدائی شناخت کے عمل کی بنیاد پر انکاؤنٹر میں ماری گئی نکسلی خاتون کا تعلق پی ایل جی اے کمپنی نمبر پانچ سے بتایا جاتا ہے ۔ سیکورٹی فورسز کی کیمپ میں واپسی کے بعد تفصیلی شناخت کی کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعہ کی تصدیق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آئی کے ایلیسیلا نے کی ہے ۔