پولیس تقررات میں بے قاعدگیوں کے خلاف یوتھ کانگریس کا احتجاج

   


ڈی جی پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش، سینکڑوں کارکنوں کی گرفتاریاں
حیدرآباد ۔19 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پولیس کانسٹبلس کے تقررات کے عمل میں بے قاعدگیوں کے خلاف بطور احتجاج یوتھ کانگریس نے ڈائرکٹر جنرل پولیس آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے احتجاج منظم کیا، پولیس نے ڈی جی پی آفس کے گھیراؤ کو ناکام بناکر شیوا سینا ریڈی اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے صبح سے ہی گاندھی بھون کے اطراف سیکوریٹی انتظامات کردیئے تھے تاکہ کارکنوں کو ڈی جی پی آفس جانے سے روکا جاسکے۔ یوتھ کانگریس قائدین نے کہا کہ پولیس کانسٹبلس کے تقررات میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ جمپ کیلئے 4 میٹر کے بجائے 3.8 میٹر کی حد مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔ یوتھ کانگریس کے کارکن پولیس کو چکمہ دے کر کسی طرح ڈی جی پی آفس کے قریب پہنچ گئے جہاں انہیں گرفتار کر کے نامپلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ پولیس اور یوتھ کانگریس کارکنوں میں بحث و تکرار ہوئی اور احتجاجیوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ شیوا سینا ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے 300 سے زائد یوتھ کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں بیروزگار نوجوان تقررات سے محروم ہوسکتے ہیں کیونکہ تقررات کے عمل میں کئی خامیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ تقررات میں شفافیت پیداکرے۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے چلو ڈی جی پی آفس احتجاج کے پیش نظر گاندھی بھون اور دیگر علاقوں میں زائد پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ر