پولیس تقررات میں نئے قواعد کے خلاف سی پی آئی کا چیف منسٹر کو مکتوب

   

حیدرآباد۔12۔ جنوری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس کانسٹبلس اور سب انسپکٹرس کے تقررات کے سلسلہ میں نئے قواعد کے تحت ہزاروں امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے خاتون امیدواروں کے فزیکل ٹسٹ کے سلسلہ میں بعض تبدیلیاں کی ہیں۔ نئی تبدیلیوں کے نتیجہ میں ایس آئی اور سب انسپکٹرس عہدوں کے امیدواروں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ جمپ ، رننگ اور دیگر زمرہ جات میں اچانک تبدیلیاں کی گئیں جس کے نتیجہ میں امیدواروں کو روزگار سے محرومی کا اندیشہ ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ آرمی رکروٹمنٹ سے زیادہ سخت قواعد پولیس رکروٹمنٹ کے لئے تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 87 ہزار امیدواروں میں نئے قواعد کے سبب 91 ہزار اہل قرار پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی تعداد کم کرنے کیلئے قواعد میں سختی پیداکرنا درست نہیں ہے۔ سی پی آئی سکریٹری نے نوٹیفکیشن 35 اور 36 میں کی گئی تبدیلیوں سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ر