ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 18 مارچ کو مقرر کی
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے میڈی گڈہ پراجکٹ کے دورہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے درج مقدمات کے خلاف کے ٹی آر کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کو 18 مارچ تک ملتوی کردیا۔ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے مادھوپور پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ کو کالعدم کرنے کی عدالت سے درخواست کی ہے۔ گزشتہ سال حکومت کی اجازت کے بغیر میڈی گڈہ پراجکٹ کا دورہ کرنے اور ڈرون کے استعمال پر کے ٹی آر اور دیگر بی آر ایس قائدین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کے ٹی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے کسی ثبوت کے بغیر ہی اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈرون کے استعمال کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے۔ یہ مقدمہ دراصل سیاسی انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہے۔ پبلک پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میڈی گڈہ بیاریج تلنگانہ کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور یہ علاقہ ممنوعہ حدود کے تحت ہے۔ اجازت کے بغیر پراجکٹ پر ڈرون اُڑایا گیا۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت 18 مارچ کو مقرر کی ہے۔ میڈی گڈہ بیاریج کے ناقص کاموں کے الزامات پر کے ٹی آر نے پارٹی قائدین کے ساتھ 16 جولائی 2024 ء کو پراجکٹ کا دورہ کیا تھا۔ 1