پون کلیان نے ہنمکنڈہ میں اپنے ایک بیمار پرستار سے ملاقات کی

   

علاج کیلئے ایک لاکھ روپئے کی امداد، نرنجن کے خاندان کو تعاون کی پیشکش
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر اور جنا سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے آج ہنمکنڈہ پہنچ کر اپنے 17 سالہ ایک پرستار سے ملاقات کی جو ایک جنیاتی خرابی کے سبب بیمار ہیں۔ 17 سالہ نوجوان نرنجن جو صحت کے لئے جدوجہد کر رہا ہے ، اس نے اپنے پسندیدہ اداکار پون کلیان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ علالت سے دوچار نرنجن کی خواہش کا علم ہونے پر پون کلیان آج صبح ہنومان نگر میں نرنجن کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ انہوں نے علاج کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور فوری امداد کے طورپر ایک لاکھ روپئے حوالے کئے۔ پون کلیان نے نرنجن کے والدین کو بھروسہ دلایا کہ وہ بہتر علاج کی مساعی کریں گے۔ پون کلیان کے ہنومان نگر پہنچتے ہی پرستاروں کی کثیر تعداد ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہوگئی۔ مقامی افراد نے پون کلیان کے جذبہ انسانی ہمدردی کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ پون کلیان نرنجن کے بہتر علاج کیلئے اقدامات کریں گے۔ نرنجن پیدائشی طور پر معذور ہے اور اس نے پون کلیان سے ملاقات کی خواہش کی تھی۔ پون کلیان نے ورنگل کی تاریخی مندر میں خصوصی پوجا کی۔ انہوں نے نرنجن کو تروپتی مندر کا پرساد حوالے کیا۔ پون کلیان نے نرنجن اور ان کے افراد خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور تصاویر کھچوائی ۔ مقامی عہدیداروں نے پون کلیان کے دورہ کے موقع پر موثر انتظامات کئے تھے۔1/k