نئی دہلی : بین الاقوامی سطح پرخام تیل کی قیمت 90 ڈالر سے نیچے گرنے کے باوجود آج 91ویں دن بھی مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔دونوں ایندھن کی قیمتوں میں4 نومبر 2021 کو کمی کی گئی جب مرکزی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 اور 10 روپے کی کمی کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے بعد ریاستی حکومتوں نے بھی ویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) کو کم کرنے کے فیصلے کے بعد دارالحکومت دہلی میں بھی ویٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد قومی راجدھانی دہلی میں 2 دسمبر 2021 کو پٹرول تقریباً آٹھ روپے سستا ہو گیا۔ تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔سنگاپور میں آج صبح لندن برینٹ کروڈ 0.29 فیصد کمی کے ساتھ 89.21 ڈالر فی بیرل اور امریکن کروڈ 0.42 فیصد گھٹ کر 87.89 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کررہا ہے ۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔