پہلگام حملے میں جان گنوانے والوں کی یاد میں شجرکاری

   

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ نے آج باضابطہ اور جذباتی خراج پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کے پہلگام وحشیانہ اوردہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ چیف تعلقات عامہ افسر،جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسر صائمہ سعید کے مطابق شعبہ ماحولیاتی سائنس، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے یوم ارض دوہزار پچیس منانے کیلئے منعقدہ سمپوزیم کے آغاز میں پروفیسر مظہر آصف، شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے دہشت گرادنہ حملے میں مہلوکین کے پسماندگان کو تعزیت پیش کی اورپورے ملک کے ساتھ مل کر مشکل وقت میں امن وآشتی، انسانیت اور رحمدلی کی اپیل کی۔ دہشت گرادنہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد اور ان کے تئیں عزت و تکریم کے اظہار کے لیے پروفیسر آصف، پروفیسر رضوی اور جامعہ اور این آئی ڈی ایم کے دیگر اہل کاروں، معزز مہمانان اور طلبہ نے یونیورسٹی انتظامی بلاک کے سامنے سبزہ زار میں چھبیس درخت لگائے ۔کل کے حملے میں جان گنوانے والوں کو عزت و تکریم اور ان کی یاد کو دلوں میں محفوظ رکھنے کے وعدے کیلئے جامعہ انتظامیہ نے یادگاری درختوں کی نگہداشت کی پوری ذمے داری لی اور انسانی روح کی لچک اور امید کے استعارے کے طورپر ایک سالانہ یادگاری پروگرام بھی منعقد کرنے کی بات کہی۔