ممبئی ۔ 9 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایودھیا مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ سے مہاراشٹرا میں تشکیل حکومت میں تاخیر کا امکان ہے ۔ شیوسینا ترجمان سنجے راونت نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ’’پہلے مندر پھر سرکار‘‘ ایودھیا میں مندر ، مہاراشٹرا میں سرکار آئندہ دو دنوں تک صرف ایودھیا ۔ تشکیل حکومت پر کچھ نہیں۔ (13) ویں مہاراشٹرا اسمبلی کی میعاد ہفتہ کو ختم ہوگئی ۔ چیف منسٹر کے عہدہ کو لے کر دونوں حلیف جماعتوں میں رسہ کشی جاری ہے جس کے باعث وہ تاحال حکومت قائم نہیں کرسکے۔ فڈنویس نے کل بحیثیت چیف منسٹر استعفیٰ دے دیا اور نگران چیف منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ شیوسینا اپنے قائد ادتیہ ٹھاکرے کو چیف منسٹر کا عہدہ دینے کیلئے بضد ہے اور وہ اقتدار میں 50-50 کے فارمولہ پر عمل کا مطالبہ کر رہی ہے۔