پی آر سی رپورٹ سرکاری ملازمین کو حکومت کا دھوکہ

   

وعدہ پر عمل کرنے کا مطالبہ، چناریڈی اور ومشی چند ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے تلنگانہ پی آر سی رپورٹ پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری ملازمین کو مایوسی ہوئی ہے۔ سابق وزیر ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمین 63 فیصد فٹمنٹ کی مانگ کر رہے ہیں لیکن پی آر سی نے صرف 7.5 فیصد کی سفارش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سرکاری ملازمین کے لئے بنیادی یافت 25 ہزار روپئے کے بجائے 19 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ بڑھتی مہنگائی اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو نظر انداز کردیا گیا جس کے نتیجہ میں سرکاری ملازمین کو حکومت سے کوئی امید نہیں ہے۔ ملازمین کے ریٹائرڈمنٹ کی صورت میں گریجویٹی کی حد کو 20 لاکھ روپئے کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن رپورٹ میں 16 لاکھ کی سفارش کی گئی ۔ ملازمین کے بچوںکو اسکول فیس ری ایمبرسمنٹ سابق میں 2500 روپئے تھا جسے گھٹاکر 2000 کردیا گیا ہے۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی۔ ملازمین کی جانب سے کسی بھی احتجاج کو کانگریس کی تائید حاصل رہے گی۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ مختلف وعدے کرکے انتخابات میں تائید حاصل کی گئی لیکن جب پی آر سی پر عمل آوری کا وقت آئے تو حکومت وعدہ کے مطابق اعلانات کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اور اساتذہ کے جائز حقوق کیلئے کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔