پیاکیجس کیلئے نہیں عوامی خدمات کیلئے بی آر ایس میں شامل ہوئے

   

کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ سنہری ریاست میں تبدیل : آر ایس پروین کمار
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آر ایس پروین کمار نے کہا کہ وہ پیاکیجس کی خاطر نہیں بلکہ عوامی خدمات کے لیے بی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ایک طرف ان کی ستائش کررہے ہیں دوسری طرف دھمکی دے رہے ہیں ۔ دو دن قبل بی ایس پی سے مستعفی ہونے والے آر ایس پروین کمار آج بی آر ایس میں شامل ہوگئے جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کا دور اقتدار تلنگانہ کے لیے سنہری دور تھا چند ناگزیر وجوہات کی وجہ سے بی آر ایس کو شکست ہوئی ہے تاہم انہیں تلنگانہ تحریک کے قائد بی آر ایس پارٹی کے بانی کے سی آر کی قیادت میں کام کرنے کا موقع حاصل ہورہا ہے ۔ آر ایس پروین کمار نے انہیں بی آر ایس میں شامل کرنے پر پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کیا ۔ ان پر بھروسہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ بی آر ایس میں شامل ہونے والے دوسرے قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا جذبہ اور بہوجن کا جذبہ ایک ہے ۔ کے سی آر نے ٹھکرائے گئے تلنگانہ کو آزادی دلائی ۔ بہوجن نے طبقات سے انصاف کیا ۔ آر ایس پروین کمار نے کہا کہ تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے والے کے سی آر اقتدار میں نہیں ہے مگر عوام کے دلوں میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی قائدین کئی باتیں کررہے ہیں اور ساتھ ہی کئی قائدین بی آر ایس سے مستعفی ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کانگریس کے گیٹ کھول دینے پر قائدین کا سیلاب آجانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ وہ ان بھیڑ بکریوں میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ وہ کے سی آر کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ تلنگانہ کی تعمیر نو میں حصہ بننے کیلئے بی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں ۔ میرے دل میں بہوجن طبقہ کا بہت زیادہ احترام ہے ۔ میرے کوئی ذاتی مفادات نہیں ہے ۔ عوامی خدمات کو جاری رکھنے کیلئے بی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں ۔۔ 2