گوہاٹی : آسام میں اپوزیشن پارٹیوں کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں جن سیاسی پارٹیوں کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی کے کیسیز درج کئے گئے ان میں 95 فیصد پارٹیاں ایسی ہیں جو حکمراں بی جے پی کی حریف ہیں جبکہ زعفرانی پارٹی سے تعلق رکھنے والے کسی ایک بھی قائد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ 15 پارٹیوں پر مشتمل یونائیٹیڈ اپوزیشن فورم، آسام کا کہنا تھا کہ اپنے سیاسی حریفوں کو قابو کرنے بی جے پی ای ڈی اور سی بی آئی کا بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے۔ فورم کی جانب سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسام ترنمول کانگریس سربراہ رین بورا نے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی ملک کی دو اہم ترین اور خودمختار تحقیقاتی ایجنسیاں ہیں لیکن بدقسمتی سے 2014 سے ان دونوں ایجنسیوں کو بی جے پی اپنے مفاد کے لئے کٹھ پتلی کی طرح استعال کررہی ہے۔