چارج شیٹ سے امیت شاہ اور کشن ریڈی کے نام حذف کرنے کے خلاف عدالت میں درخواست

   

نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن کی درخواست پر 2 ستمبر کو آئندہ سماعت
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملہ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا نام ایف آئی آر سے حذف کرنے کے معاملہ کی آج آٹھویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر سماعت ہوئی۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن کو پیش ہونے کیلئے عدالت نے نوٹس جاری کی تھی۔ جی نرنجن آج عدالت میں پیش ہوئے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ثبوت پیش کرنے کے لئے وقت مانگا۔ واضح رہے کہ یکم مئی کو پرانے شہر میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں امیت شاہ، کشن ریڈی اور دوسروں نے حصہ لیا تھا۔ اسٹیج پر معصوم بچوں کے ہاتھ میں بی جے پی کا پرچم اور انتخابی نشان دے کر مہم چلائی گئی جس کے خلاف جی نرنجن نے مغلپورہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے ایف آئی آر میں امیت شاہ اور کشن ریڈی کا نام شامل کیا لیکن چارج شیٹ میں ان دونوں کے نام حذف کردیئے گئے۔ جی نرنجن نے چارج شیٹ میں نام حذف کرنے کی مخالفت کی اور آٹھویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر درخواست پیش کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت 2 ستمبر کو مقرر کی ہے۔ جی نرنجن نے عدالت کو ثبوت پیش کرنے کیلئے وقت دینے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ انتخابی جلسہ عام میں اسٹیج پر معصوم بچوں کی موجودگی ٹی وی چینلس اور سوشیل میڈیا میں وائرل ہوئی ہے۔1