صدر نشین تلنگانہ زرعی کمیشن کودنڈا ریڈی کا مرکزی وزیر زراعت کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ زرعی کمیشن کودنڈا ریڈی نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج چوہان کو مکتوب روانہ کرکے مرکز کی جانب سے چاول کی جینیاتی تبدیلی کیلئے منظوری کی مخالفت کرتے ہوئے فیصلے سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ کودنڈا ریڈی نے مرکز کے اس فیصلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کے خوراک نظام پر اثر پڑے گا ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب ڈاکٹر منموہن سنگھ وزیراعظم تھے تب کانگریس نے بیگن کی جینیاتی تبدیلی کی مخالفت کی تھی حالانکہ یہ کھانے کی فصل تھی ۔ اس وقت ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کسانوں کی رائے کا احترام کرکے اس فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے کسی کی رائے کے بغیر یکطرفہ فیصلہ کیا ۔ جس سے سب سے زیادہ تلنگانہ کو نقصان ہوگا کیوں کہ ملک میں تلنگانہ واحد ریاست جو سب سے زیادہ چاول پیدا کرتی ہے ۔ مرکز کے فیصلے سے تلنگانہ کے چاول کے صارفین پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے اور تلنگانہ پر شدید اقتصادی اثر پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اتنا اہم فیصلہ کرنے سے قبل مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے بشمول ملک کی دیگر ریاستوں کو اعتماد میں نہیں لیا ۔ کودنڈا ریڈی نے ہندوستانی زراعت کے طویل مدتی مفادات اور کسانوں کے خلاف و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔۔ 2