چاول کی ملوں ‘ دفاتر اور مختلف ٹھکانوں پر سی آئی ڈی کے دھاوے

   

حیدرآباد 25 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری دھان اور چاول کی دھاندلیوں میں کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے مختلف اضلاع میں چاول کی ملوں، دفاتر اور متعلقہ افراد کے ٹھکانوں پر دھاوے کئے ۔ اس کارروائی میں کئی مل مالکین کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بعض رائس ملرس پر الزام ہے کہ انہوں نے حکومت کی جانب سے کسٹم ملنگ رائس (سی ایم آر) اسکیم کے تحت ملنگ کیلئے فراہم دھان کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق چاول میں تبدیل کرکے حکومت کو سونپنے کی بجائے مبینہ طور پر کھلی مارکٹ میں فروخت کردیا۔ اس کے علاوہ مستحقین میں تقسیم کئے جانے والے باریک چاول کے بجائے کم قیمت والے موٹے چاول فراہم کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ سی آئی ڈی ٹیموں نے نظام آباد، نلگنڈہ، کریم نگر، رنگاریڈی، میدک اور دیگر اضلاع و حیدرآباد میں تحقیقات کیں۔ اس دوران دھان اور چاول کے ذخائر کے ریکارڈ میں بے قاعدگیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بعض مقامات سے فرضی وی بلز، رجسٹرس اور کمپیوٹر ہارڈ ڈسک بھی ضبط کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ سیول سپلائز سے سی ایم آر کے ذخائر اور فراہم کردہ چاول کی مقدار میں فرق کی نشاندہی کے بعد معاملہ کی تحقیقات شروع کی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سرکاری خزانے کو بھاری نقصان کا شبہ ہے۔ سی آئی ڈی حکام مبینہ بے قاعدگیوں میں مل مالکین کے علاوہ دیگر متعلقہ افراد اور عہدیداروں کے ممکنہ کردار کی جانچ کررہے ہیں۔ (ب؍V)