حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) پرجوش تقریر اور اظہار خیال کے دوران جذبات پر مکمل قابو رکھنا چاہیئے ورنہ اپنے قائد کے خلاف ہی الفاظ زبان سے نکل جاتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک معاملہ آندھرا پردیش کے وزیر سیول سپلائیز کے ناگیشور راؤ کے ساتھ پیش آیا جو تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کرنے کے بجائے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا نام لے بیٹھے۔ امراوتی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر جذبات سے بے قابو ہوگئے اور چندرا بابو نائیڈو کہنے کے بجائے یہ کہہ دیا کہ جگن موہن ریڈی ازکار رفتہ ( آؤٹ ڈیٹیڈ ) سیاستداں ہیں۔ تقریب میں وائی ایس آر کانگریس کے کئی وزراء اور ارکان اسمبلی موجود تھے جو یہ سنتے ہی حیرت میں پڑ گئے۔ سماجی انصاف کے نام پر ریاستی وزراء کی جانب سے شروع کی گئی بس یاترا کے تیسرے دن کرشنا ضلع میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ وزیر سیول سپلائیز چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کرتے ہوئے اس قدر بے قابو ہوگئے کہ انہیں خیال بھی نہیں رہا کہ کس کا نام لے رہے ہیں۔ اسٹیج پر موجود قائدین نے توجہ دلائی جس پر ریاستی وزیر نے اپنی غلطی کی اصلاح کرلی۔ر