چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت وفد کی آج رات ڈاؤس روانگی

   

نائیڈو اور نارا لوکیش کیلئے علحدہ سیشن کا اہتمام، 18 ممالک کے صنعت کاروں سے ملاقات کی تیاریاں

حیدرآباد ۔17۔جنوری (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں بھاری سرمایہ کاری کے نشانہ کے تحت چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت دس رکنی اعلیٰ سطحی وفد 20 جنوری سے ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں شرکت کرے گا۔ وفد میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش بھی شامل ہیں جو ورلڈ اکنامک فورم سمٹ کے دو سیشن سے خطاب کریں گے۔ آندھراپردیش کی ٹیم کیلئے صنعت کاروں اور مختلف اداروں کے نمائندوں کے ساتھ مختلف سیشن طئے کئے گئے۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو توقع ہے کہ چار مختلف سیشن سے خطاب کرتے ہوئے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع سے صنعت کاروں کو واقف کرائیں گے۔ چیف منسٹر نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور انڈسٹریز کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ڈاؤس سمٹ میں زیر بحث آنے والے امور کو قطعیت دی ہے۔ آندھراپردیش کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو اور نارا لوکیش صنعت کاروں سے خطاب کریں گے۔ آندھراپردیش کا وفد ہفتہ کی رات بیرونی دورہ پر روانہ ہوگا اور 20 تا 25 جنوری ڈاؤس میں قیام کریں گے۔ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات پر مبنی پاور پوائنٹ پریزینٹیشن تیار کیا گیا ہے۔ جن شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی توقع کی جارہی ہے، ان میں کلین اینرجی ، فوڈ پروسیسنگ ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، اسکل ڈیولپمنٹ جیسے شعبہ جات شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاؤس میں چندرا بابو نائیڈو کے لئے 4 علحدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو اور نارا لوکیش علحدہ علحدہ طور پر صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ 18 ممالک سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے چیف اگزیکیٹیو آفیسرس اور نمائندوں سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات طئے کی گئی ہے۔ سی آئی آئی کی جانب سے بریک فاسٹ میٹنگ میں چندرا بابو نائیڈو شریک ہوں گے اور صنعت کاروں کو آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے ۔ ڈاؤس کا دورہ کرنے والے دورہ میں وزراء اور عہدیداروں کو شامل کرنے کی مرکزی حکومت نے ہدایت دی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ ریاستی وزراء نارا لوکیش ٹی جی بھرت ، اعلیٰ عہدیدار کارتکیا مشرا ، پیوش کمار، یوراج ، چیف منسٹر چیف سیکوریٹی آفیسر شریکانت، آئی ڈی بی کے سی ای او سائی کانت ورما ، کپم ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے وکاس متل وفد میں شامل رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 15 رکنی وفد ڈاؤس کا دورہ کرے گا۔1