جگن موہن ریڈی حکومت کو شکست کی پیش قیاسی: پرشانت کشور
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور نے آندھراپردیش اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں جگن موہن ریڈی کی شکست کی پیش قیاسی کی ہے۔ پرشانت کشور انتخابی مہم کے آغاز کے بعد سے ہی آندھراپردیش میں جگن موہن ریڈی کی شکست اور این ڈی اے کی کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں۔ نئی دہلی میں پرشانت کشور نے کہاکہ آندھراپردیش میں عوام کی رائے جگن حکومت کے خلاف ہے۔ جگن کے انداز کارکردگی سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اُنھوں نے مختلف سروے رپورٹس کا حوالہ دیا اور کہاکہ بیشتر سروے رپورٹ تلگودیشم، بی جے پی اور جنا سینا اتحاد کے حق میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چندرابابو نائیڈو کا آندھراپردیش کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونا یقینی ہے۔ پرشانت کشور نے 151 نشستوں پر کامیابی سے متعلق جگن موہن ریڈی کے دعوے کو مسترد کردیا اور جگن موہن ریڈی عوامی رائے کے بارے میں غلط اندازے کررہے ہیں۔ 2019 ء میں وائی ایس آر کانگریس کو 151 نشستیں حاصل ہوئی تھیں لیکن اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی وعدوں کی تکمیل اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں جگن حکومت کی ناکامی کا نتائج پر اثر پڑے گا۔ 1