چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی کا حکم

   

نئی دہلی، 05 نومبر (یواین آئی) الیکشن کمیشن نے چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی سَمری نظرثانی (ایس ایس آر) کا حکم جاری کیا ہے ۔ اس کے لیے یکم جنوری 2027 کو اہلیت کی تاریخ مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 21 جنوری کو شائع کی جائے گی۔ اس عمل کے دائرے میں اروناچل پردیش، چندی گڑھ، دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو، میزورم، اڈیشہ اور سکم شامل ہیں۔ یہ قدم ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے معاملے پر جاری سیاسی تنازع اور اپوزیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کے الزامات کے درمیان اٹھایا گیا ہے ۔ کمیشن نے بدھ کو جاری حکم نامے میں چھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکشن افسران (سی ای او) کو عوامی نمائندگی قانون 1950 کی دفعہ 21 کے تحت نظرثانی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس میں خاص طور پر ایسے اہل شہریوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے پر زور دیا گیا ہے ، جن کے نام اب تک درج نہیں ہیں۔ ان میں نوجوان اور پہلی بار ووٹ دینے والے افراد نمایاں طور پر شامل ہیں۔ کمیشن کے چار نومبر کے خط کے مطابق، پولنگ مراکز کی معقول تنظیم نو اور ازسرنو ترتیب کا کام 20 نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔ ووٹر لسٹ کا یکجا مسودہ 30 نومبر کو شائع ہوگا۔ دعوے اور اعتراضات درج کرانے کی مدت 30 نومبر سے 30 دسمبر تک ہوگی۔ انتخابی رجسٹریشن افسران (ای آر او) کو 16 جنوری تک تمام دعووں اور اعتراضات کا تصفیہ کرنا ہوگا۔ اس کے بعد 21 جنوری کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔ ووٹر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مسلسل بنانے کے مقصد سے کمیشن نے ایک اہم انتظام کے تحت ایسے افراد سے پیشگی درخواستیں قبول کرنے کی اجازت بھی دی ہے ، جو یکم اپریل، یکم جولائی اور یکم اکتوبر 2027 کو 18 سال کی عمر مکمل کریں گے ۔
ان درخواستوں پر متعلقہ سہ ماہی میں ہی کارروائی کی جائے گی، جب درخواست گزار ووٹ دینے کے اہل ہوں گے ۔

جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) جاری ہے یا حال ہی میں مکمل ہوئی ہے ، وہاں ایس ایس آر کا عمل فوری طور پر شروع نہیں کیا جائے گا۔ ان میں آندھرا پردیش، ہریانہ، جھارکھنڈ، کرناٹک، مہاراشٹر، میگھالیہ، ناگالینڈ، دہلی، تریپورہ اور تلنگانہ شامل ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ان علاقوں کے لیے الگ سے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی نظرثانی کا پروگرام بعد میں جاری ہوگا، جہاں ایس آئی آر ابھی شروع نہیں ہوئی ہے ۔ ان علاقوں میں موسمی حالات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نظرثانی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر لسٹ سے باہر نہ رہے اور کسی نااہل شخص کا نام فہرست میں شامل نہ ہو۔ انتخابی افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان تمام اہل شہریوں سے درخواستیں وصول کرنے کے لیے خصوصی کوششیں کریں، جن کا اب تک اندراج نہیں ہوا ہے ۔ اس میں یکم جنوری 2027 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے افراد اور سال کے دوران بعد کی تین اہلیت کی تاریخوں پر اہل ہونے والے ممکنہ ووٹر بھی شامل ہیں۔