چھتیس گڑھ کے سابق اسپیکر پنڈت راجندر شکلاکی موت پر ایف آئی آر

   

بلاس پور: چھتیس گڑھ اسمبلی کے سابق اسپیکر راجندر شکلاکی 2006 میں موت کے معاملے میں فرضی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اور اپولو اسپتال انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق ڈاکٹر نریندر وکرمادتیہ یادو عرف نریندر جان کیم اور اپولو انتظامیہ کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی۔ یہ شکایت ڈاکٹر پردیپ شکلا نے بلاس پور ضلع کے سرکنڈہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی ہے ۔ ڈاکٹر نریندر پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر مریض کا علاج کیا اور لاپرواہی کی وجہ سے مریض کی موت ہوگئی۔ شکایت پر ڈاکٹر کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ کیس میں اپولو ہسپتال انتظامیہ کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ پر بغیر کسی تفتیش کے جعلی ڈاکٹر کی خدمات حاصل کرنے اور مریض کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام ہے ۔ ملزم ڈاکٹر فی الحال دموہ پولیس کی حراست میں ہے ۔