قومی سوگ کے سبب افتتاحی تقریب ملتوی، نئے ٹرمنل میں انفراسٹرکچر سہولتیں
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے سبب چیرلا پلی ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ قومی سطح پر سوگ منانے کے فیصلہ کے تحت سرکاری تقاریب کو ملتوی کردیا گیا۔ وزیر ریلویز اشونی کمار ویشنو چیرلا پلی ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کا ہفتہ کو افتتاح کرنے والے تھے ۔ ریلوے اسٹیشن میں نئے ٹرمنل کے علاوہ دوسرے باب الداخلہ کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔ انتہائی عصری سہولتوں کے ساتھ چیرلا پلی ریلوے اسٹیشن کو ترقی دی گئی اور خوبصورت انداز میں تعمیری کام انجام دیئے گئے ہیں ۔ اسٹیشن کے تحت 6 بکنگ کاؤنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ مرد اور خواتین کیلئے علحدہ ویٹنگ ہال تعمیر کئے گئے۔ اپر کلاس کے لئے ویٹنگ ایریا اور گراؤنڈ فلور پر اگزیکیٹیو لانچ تعمیر کیا گیا ۔ فرسٹ فلور پر کیفی ٹیریا ، ریسٹورینٹ اور ریسٹ روم قائم کئے گئے ہیں۔اسٹیشن کے اطراف دو فٹ اوور بریجس تعمیر کئے گئے تاکہ مسافرین کی آمد و رفت میں سہولت ہو۔ انتہائی وسیع و عریض فٹ اوور بریج اپنی نوعیت کا پہلا بریج رہے گا۔ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی کشن ریڈی نے ترقیاتی کاموں پر خصوصی دلچسپی لی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیرلا پلی ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں پر تقریباً 413 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔1