چیف الیکٹورل آفیسر سے کُل جماعتی اجلاس طلب کرنے کانگریس کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے فہرست رائے دہندگان میں یکساں تصاویر کی انٹری اور ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے مسئلہ پر کُل جماعتی اجلاس طلب کرنے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے مکتوب میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں یکساں تصویروں کی انٹریز کو خارج کرنے کیلئے اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر مہم چلائی ہے اور 5 جنوری کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے باوجود اسمبلی حلقہ جات کی فہرست رائے دہندگان میں یکساں تصویروں کی انٹری برقرار ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی لاپرواہی کی وجوہات کا اظہار ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے ریاست گیر سطح پر یکساں تصویروں کے ساتھ انٹریز کے بارے میں اقدامات کئے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے درخواست کی گئی کہ تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں یکساں انٹریز کے اخراج کے قدم اٹھائیں۔ الیکشن کمیشن نے8 اگسٹ 2022 کو مکتوب میں آدھار سے ووٹر شناختی کارڈ کو مربوط کرنے کو اختیاری قرار دیا لیکن ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹیز متعلقہ ووٹر کی مرضی معلوم کئے بغیر اور فارم 6B کی تکمیل کے بغیر ہی یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ یہ آدھار ڈیٹا کی تفصیلات کی بنیاد پر کیا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹی کو فارم 6B کی تفصیلات سیاسی جماعتوں اور چیف الیکٹورل آفیسر کو پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔ مکتوب کے ساتھ یکساں تصویروں کی انٹریز کے نمونے روانہ کئے گئے۔ر