میدک۔ 27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر محنت، روزگار، کانکنی و ارضیاتی علوم اور میدک ضلع کے انچارج وزیر وویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ سی ایم ناشتہ اسکیم دنیا میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد اور نایاب اسکیم ہے۔ حکومت کا مقصد سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو معیاری اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ فراہم کرنا ہے۔وزیر وویک وینکٹ سوامی نے میدک شہر کے مارکٹ یارڈ میں نو تعمیر شدہ مرکزی کچن کا افتتاح میدک کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مینم پلی روہت راؤ اور ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کچن میں نصب جدید مشینوں کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی کارکردگی اور گنجائش کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔بالاجی فنکشن ہال میں سرکاری اسکول کے طلبہ کو ناشتہ پیش کیا اور طلبہ کے ساتھ ناشتہ کیا۔ ریاست بھر میں 36 مرکزی کچن قائم کئے گئے ہیں اور تقریباً 20 لاکھ طلبہ کو ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں صبح 8:30 بجے ناشتہ پہنچایا جائے گا اور اس اسکیم سے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔تقریب میں ڈی آر او امباداس راجیشور، تحصیلدار لکشمن بابو، ضلع ایجوکیشن آفیسر راجو، HKMCF کے سی ای او سری کونتیہ داس پربھوجی، صوفی جانی۔محمدفاضل، بن عبداللہ،منصوراحمد،نسرین بیگم،راما کرشنارامو،راگی اشوک،گنگا دھر نے شرکت کی۔