بی سی مردم شماری ملک کیلئے رول ماڈل: ریاستی وزیر پونم پربھاکر
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے معطل رکن قانون ساز کونسل تین مار ملنا نے بی سی مردم شماری میں بی سی طبقہ کی آبادی کو گھٹاکر پیش کرنے کا الزام عائد کیا، حکومت سے جاری اکنامک سروے اور بی سی مردم شماری کا حوالہ جس پر ریاستی وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے اعتراض کیا۔ کونسل میں گورنر کے خطبہ اظہار تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے تین مار ملنا نے کہا کہ عوام سے وعدوں سے راہ فرار اختیار کرنے چیف منسٹر نے ’ اوپر شیروانی اندر پریشانی‘ کا ریمارک کیا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ کانگریس کو عوام سے وعدے کرنے سے قبل ریاست کی مالی صورتحال کا جائزہ لینا چاہیئے تھا۔ اقتدار حاصل کرنے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی جس پر بھروسہ کرکے عوام نے کانگریس کو ووٹ دیا۔ ان وعدوں سے چھٹکارا حاصل کرنے چیف منسٹر نے اوپر شیروانی اندر پریشانی کا جو ریمارک کیا ہے وہ مضحکہ خیز ہے۔ کانگریس نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا جس سے متاثر ہوکر وہ کانگریس میں شامل ہوئے تھے اور بی سی طبقات نے کانگریس پر بھروسہ کرکے ووٹ دیا تھا۔ لیکن بی سی مردم شماری میں کئی غلطیاں ہوئی ہیں اس کو دور کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن حکومت اس معاملے میں کچھ بھی سننے تیار نہیں ہے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ 1931 کے بعد پہلی مرتبہ ریاست میں بی سی کی مردم شماری ہوئی بڑی احتیاط سے سروے کرایا گیا ہے، پہلے سروے میں چند لوگ چھوٹ جانے پر انہیں دوسرا موقع بھی دیا گیا ہے حکومت سنجیدہ ہے صرف سیاسی مقاصد کیلئے بی سی مردم شماری کے کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں بلکہ سیاست سے بالاتر ہوکر سب اس کی تائید کریں۔ حکومت تعلیم ، ملازمت اور سیاست میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرے گی۔2