پورا نظام کوشش کررہا ہیکہ کجریوال جیل سے باہر نہ آئے، سنیتا کجریوال کا ردعمل
نئی دہلی: راؤس ایونیو کورٹ نے چہارشنبہ کو دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں چیف منسٹر اروند کجریوال کو 3 دن کیلئے سی بی آئی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ سی بی آئی کو 29 جون کی شام 7 بجے سے پہلے کجریوال کو عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔اس سے پہلے چہارشنبہ کو سی بی آئی نے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں کجریوال کو گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی نے کورٹ سے کجریوال کی 5 دن کی تحویل مانگی تھی۔تاہم عدالت نے کجریوال کو 3 دن کیلئے سی بی آئی ریمانڈ پر دیا ہے۔ اس سے پہلے عدالت نے سی بی آئی کو کجریوال کو باضابطہ طور پر گرفتار کرنے کی اجازت دی تھی۔ خصوصی جج امیتابھ راؤت کے حکم کے بعد سی بی آئی نے کجریوال کو گرفتار کر لیا۔قبل ازیں سی بی آئی نے دہلی شراب کی پالیسی اور کجریوال کے کردار کو لے کر عدالت میں کئی دعوے بھی کئے۔ کجریوال نے سی بی آئی کے ان دعووں کی تردید کی ہے۔اروند کجریوال نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا میں سی بی آئی ذرائع سے یہ بات پھیلائی جارہی ہے کہ میں نے بیان دیا ہے کہ میں نے سارا الزام منیش سیسوڈیا پر ڈال دیا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہیکہ منیش سیسوڈیا قصوروارہیں۔میں نے کہا کہ وہ بے قصور ہے اور میں بھی بے قصور ہوں۔ ان کا مقصد صرف میڈیا میں ہمیں بدنام کرنا ہے۔یہ سب کچھ ریکارڈ کیا جانا چاہئے تاکہ سی بی آئی ذرائع کے ذریعہ میڈیا کو لیک نہ ہو۔دریں اثناء چیف منسٹر کجریوال کی گرفتاری کے معاملے پر ان کی اہلیہ سنیتا کجریوال کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ سنیتا نے الزام لگایا کہ پورا نظام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہیکہ ان کے شوہر اروند کجریوال جیل سے باہر نہ آنے پائیں۔ سنیتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ ان کے شوہر کو 20 جون کو شراب گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مل گئی تھی، لیکن ای ڈی نے فوری طور پر روک لگا دی۔ اگلے ہی دن سی بی آئی نے انہیں ملزم بنا دیا اور آج انہیں گرفتار کر لیا گیا۔پورا نظام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ کجریوال جیل سے باہر نہ آئے۔ یہ قانون نہیں ہے۔