چیف منسٹر کی دعوت افطار کا 21 یا 22 مارچ کو انعقاد

   

ائمہ مؤذنین کے 3 ماہ کے بقایہ جات کی اجرائی، ریاست کی 815 مساجد میں دعوت افطار کا فیصلہ
حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے آج حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر کے ہمراہ چیف منسٹر کی دعوت افطار اور ریاست کی 815 مساجد میں حکومت کی دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ٹمریز کے صدر فہیم قریشی، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ آئی اے ایس اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کی دعوت افطار کا 21 یا 22 مارچ کو انعقاد عمل میں آئیگا۔ اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے ائمہ مؤذنین کے 3 ماہ کے اعزازیہ کے بقایہ جات کیلئے 21 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ حکومت ائمہ مؤذنین کے اعزازیہ کو ہر ماہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں حیدرآباد اور دیگر 11 اضلاع کی 815 مساجد میں حکومت کی جانب سے دعوت افطار کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ہر مسجد کو ایک لاکھ روپئے جاری کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ مقامی ارکان اسمبلی سے مشاورت کے ذریعہ مساجد کا انتخاب کیا جائے گا۔ ہر مسجد میں بڑی تعداد میں روزہ دار شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کی دعوت افطار کے انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ ہر سال کی طرح 8 تا 10 ہزار افراد شرکت کریں گے۔ 1